کراچی،17اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی عمر اکمل نے کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر پر الزام لگایا ہے کہ مکی نے ان کے ساتھ بدکلامی کی ہے۔ ادھر مکی آرتھر نے اس الزام کی تردید کی ہے۔عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی سے مکی آرتھر کی جانب سے انہیں گالیاں دینے پر نوٹس لئے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاہم پی سی بی نے عمر اکمل کو اس الزام پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔عمر اکمل نے کہنا ہے کہ جس وقت ان سے مکی آرتھر نے بدکلامی کی چیف سلیکٹر انضمام الحق اور دیگر سینئر کھلاڑی بھی موقع پر موجود تھے لیکن کسی نے بھی مکی آرتھر کو ایسا کرنے سے نہیں روکا۔
عمراکمل نے بدھ کو پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کوبتایا کہ آرتھر نے انہیں اکیڈمی کرکٹ کھیلنے کے بجائے کلب کرکٹ کھیلنے کا مشورہ دے کر ان کا مذاق اڑایا ہے اور انہیں گالیاں دی ہیں۔پاکستان کے بعض سابق کرکٹرز نے کہا ہے کہ پی سی بی اکیڈمی کا کوچنگ سٹاف صرف ان کھلاڑیوں کی ٹرینگ اور کوچنگ کرتا ہے جنہیں سینٹرل کانٹریکٹ دیا گیا ہو۔ شائد اس لیے مکی ارتھر نے انہیں کلب کرکٹ کھینے کے بارے میں کہا ہو گا۔عمر اکمل جو اکثر و بیشتر اسکینڈلز کی زد میں آتے رہتے ہیں،انہوں نے پی سی بی کو کہا کہ وہ کوچنگ اسٹاف کے رویے کے بارے میں بورڈ کو بتانا چاہتے ہیں۔
الزامات پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق کرکٹر وسیم اکرم نے عمر کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح عمر اکمل نے اپنے پیر پر خود کلہاڑی مارلی ہے۔ "اگر کھلاڑی کی پرفارمنس خراب ہو تو اسے ٹیم میں کون برداشت کرے گا۔ادھرپی سی بی نے عمراکمل کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شوکاز نوٹس میں فوری طور پر تحریری جواب داخل کرانے کے لئے کہا جائے گا۔یاد رہے کہ عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرنے کی وجہ سے برطانیہ میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی کے سکواڈ سے واپس پاکستان بھیج دیا گیا تھا۔ اور بعد میں پی سی بی نے انہیں سینٹرل کانٹریکٹ بھی نہیں دیا۔